وڈودرا، 4؍اکتوبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) گجرات کے وڈورا میں گربا کے بعد فرقہ وارانہ تصادم کی ہونے اطلاع موصول ہوئی ہے ۔ ’اے بی پی نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق دو گروپوں نے ایک دوسرے پر پتھربازی کی، جس کی اطلاع موصول ہونے پر پولیس موقع پر پہنچی اور تقریباً 40 افراد کو گرفتار کر لیا۔ علاقہ میں بھاری تعداد میں پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق نوراتری کے موقع پر گربا کھیلنے کے بعد دو گروپوں میں جھڑپ ہوئی۔ پتھربازی کے درمیان کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق، اس معاملہ میں پولیس نے اب تک 40 افراد کو گرفتار کیاہے۔
وڈودرا دیہی پولیس افسر پی آر پٹیل کے مطابق، مسلمانوں کا تہوار عید میلاد النبیؐ قریب ہے، جس کے پیش نظر کچھ لوگوں نے مندر کے نزدیک واقع بجلی کے پول پر مذہبی پرچم لگائے تھے۔ ہندو طبقہ کے لوگوں نے اس پر اعتراض ظاہر کیا اور کہا کہ اس سے ان کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔
پولیس کے مطابق اس تنازعہ کے بعد جھگڑا بڑھا اور پتھربازی تک پہنچ گیا۔ پولیس نے دونوں گروپوں کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے 40 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ وہیں حالات کے پیش نظر پورے علاقہ میں پولیس فورسز کو تعینات کر دیا گیا ہے۔